نئی دہلی، 31 دسمبر (آئی این ایس انڈیا) سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے مویشیوں کی اسمگلنگ کے معاملے میں جمعرات وزیر اعلی ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کے قریبی ترنمول کانگریس کے لیڈر ونے مشرا کے ٹھکانے سمیت مغربی بنگال کے کئی ٹھانوں پرچھاپہ مارا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سی بی آئی نے بھی مشرا کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کیا ہے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر مقامات کے ساتھ ساتھ سی بی آئی کولکاتہ میں بھی مشرا کے دو کیمپس کی تحقیقات کررہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے اس معاملے میں مغربی بنگال میں مویشیوں کی اسمگلنگ گینگ کے مبینہ سرغنہ اور بی ایس ایف کے دو ملازموں کو گرفتار کیا ہے۔
عہدیداروں نے بتایا کہ ایجنسی کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ہند۔ بنگلہ دیش سرحد کے ساتھ مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ کو اسمگلر بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور محکمہ کسٹم کے کچھ بدعنوان عہدیداروں کو رشوت دیتے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی مغربی بنگال سے متعلق مقدمات کی تیزرفتاری سے تحقیقات کررہی ہے اور ایجنسی کے ڈائریکٹر آر کے شکلا نے سردھا اور اس سے متعلقہ چٹ فنڈ گھوٹالہ کے سلسلے میں درج ایف آئی آر میں جنوری 2021 تک تحقیقات مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔